رسائی کے لنکس

پاکستانی فلم ’بن روئے‘ کی 10 ممالک میں نمائش


’بن روئے‘ پہلی پاکستانی فلم ہے جو عید پر بیک وقت 10 ملکوں میں ریلیز کی گئی، جبکہ آسٹریلیا میں فلم کی ریلیز 14 اگست کو شیڈول ہے۔ اس کے علاوہ نیوزی لینڈ، فجی آئی لینڈ، ساوٴتھ افریقہ، فرانس، ڈنمارک، عمان، بحرین، قطر اور سنگاپور میں بھی ’بن روئے‘ کی نمائش جاری ہے

عید کے موقع پر ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم ’بن روئے‘ پاکستان کے ساتھ ساتھ دنیا کے کئی ممالک کے باکس آفس پر کامیاب ثابت ہو رہی ہے۔

’بن روئے‘ ۔۔ ’ہم فلمز‘ اور مومنہ درید یعنی ایم ڈی فلمز کے بینر تلے بنی ہے۔ اس بینر کا دعویٰ ہے کہ فلم نے عید پر ہی ریلیز ہونے والی کئی دوسری فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

’بن روئے‘ پاکستان میں متعدد سینما گھروں اور ملٹی پلیکسزمیں نمائش کے علاوہ متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور امریکہ میں بھی بیک وقت ریلیز کی گئی تھی اور وہاں بھی فلم نے غیر معمولی کامیابی حاصل کی ہے۔

ہم ٹی وی کے پبلک ریلشنز ایگزیکٹو منہاس صغیر نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ’بن روئے‘ پہلی پاکستانی فلم ہے جو عید پربیک وقت 10ملکوں میں ریلیز کی گئی جبکہ آسٹریلیا میں فلم کی ریلیز 14اگست کو شیڈول ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’بن روئے کی پروموشن بھی روایتی ڈگر سے ہٹ کر کی گئی ہے اور دنیا کے مختلف ملکوں میں ہونے والے پریمئرز اور ان پریمئرز کے ذریعے شائقین کی اپنے پسندیدہ پاکستانی اسٹارزسے براہ راست رابطے نے بھی فلم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔‘

پاکستان کے بعد بن روئے کا دبئی پریمئر 15 جولائی کو وی او ایکس سینما برجمان میں ہوا جس میں فلم کی کاسٹ اور دیگر اہم ارکان نے بھی شرکت کی۔ پاکستانی اور بھارتی شائقین نے کاسٹ کا والہانہ استقبال کیا۔

دبئی کے بعد 16 جولائی کو لندن کے مے فئیر ہوٹل میں ہونے والا ’بن روئے‘ کا پریمئر بھی سب کی توجہ کا مرکز رہا جبکہ 17جولائی کو نیویارک کے ریگل سینما ای واک میں فلم کی خصوصی نمائش ہوئی۔

آخری پڑاوٴ ڈیلاس میں 19جولائی کو ہوا۔ فن ایشیا رچرڈسن میں ’بن روئے‘ کا پریمئر دھو م دھام سے منعقد ہوا۔

صغیر منہاس کا مزید کہنا ہے مذکورہ ممالک کے علاوہ نیوزی لینڈ، فجی آئی لینڈ، ساوٴتھ افریقہ،فرانس، ڈنمارک ،عمان ،بحرین ،قطر اور سنگاپور میں بھی ’بن روئے‘ کی نمائش جاری ہے۔‘

ان کے مطابق ’برطانوی باکس آفس پر ’بن روئے‘ نے 12ویں اور امریکی باکس آفس پر 32 ویں پوزیشن حاصل کی۔

فرحت اشتیاق کے ناول ’بن روئے آنسو‘ پر مبنی یہ فلم رومینٹک ڈرامہ ہے جس میں مرکزی کردار ماہرہ خان اور ہمایوں سعید نے ادا کئے ہیں جبکہ دیگر کاسٹ میں شامل ہیں آرمینا رانا خان، جاوید شیخ، زیبا بختیار، عذرا منصور۔

فلم کے دو گانے مشہور ڈائریکٹر عاصم رضا اور سرمد سلطان نے ڈائریکٹ کئے ہیں جبکہ ڈائریکٹر فوٹوگرافی فرحان عالم ہیں۔

XS
SM
MD
LG