رسائی کے لنکس

’آفریدی نہیں کھیلنا چاہتے تو سو بسم اللہ‘


’آفریدی نہیں کھیلنا چاہتے تو سو بسم اللہ‘
’آفریدی نہیں کھیلنا چاہتے تو سو بسم اللہ‘

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین اعجاز بٹ نے کہا ہے کہ وہ سابق کپتان شاہد آفریدی کے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کو قبول کرتے ہیں۔

منگل کو لاہور میں صحافیوں سے مختصر گفتگو میں اعجازبٹ کا کہنا تھا کہ آفریدی بورڈ کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں اور ان سے اس کی وضاحت طلب کی جائے گی۔ انھوں نے سابق کپتان کی طرف سے کی جانے والی خلاف ورزی کی تفصیلات نہیں بتائیں اور مختصراً کہا ”اگر وہ نہیں کھیلنا چاہتے تو سو بسم اللہ“۔

شاہد آفریدی نے پیر کی شب اعلان کیا تھا کہ وہ موجودہ بورڈ کے ہوتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلیں گے۔ پاکستانی میڈیا کو دیے گئے انٹریو میں سابق کپتان نے بورڈ کے حکام بشمول چیئر مین اعجاز بٹ کے خلاف سخت الفاظ استعمال کیے تھے۔ ان کہنا تھا کہ بورڈ نے نہ تو انھیں کپتانی سے ہٹانے کی وجوہات بتائی ہیں اور نہ ہی ان کا موقف جاننے کی کوشش کی گئی۔

31سالہ شاہد آفریدی کو دورہ ویسٹ انڈیز کے بعد ایک روزہ میچوں کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا تھا تاہم وہ آئرلینڈ کے خلاف 15رکنی اسکواڈ میں بحیثیت کھلاڑی شامل تھے ۔ لیکن شاہد آفریدی نے دورہ آئرلینڈ میں شرکت سے معذرت کرلی تھی۔

دنیائے کرکٹ میں ”بوم بوم آفریدی“ کے نام سے مشہورشاہد آفریدی جارحانہ بلے بازی کے علاوہ حالیہ برسوں میں بحیثیت باؤلر بھی قابل ذکر کارکردگی دکھاتے آئے ہیں۔2011ء کے ورلڈ کپ میں شاہد آفریدی کی قیادت میں قومی ٹیم سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھی ۔

شاہد آفریدی نے 325ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 6695رنز بنائے ہیں اور دنیائے کرکٹ میں 289 چھکوں کے ساتھ سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز بھی شاہد آفریدی کے پاس ہے۔

XS
SM
MD
LG