رسائی کے لنکس

ایبولا سے ہلاکتوں کی تعداد 4000 سے تجاوز کر گئی


ان ہلاکتوں میں نو کے علاوہ باقی تمام مغربی افریقی ممالک لائبیریا، گنی اور سیرالیون میں ہوئی۔ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اس وبا سے نمٹنے کے لیے کی گئی ایک ارب ڈالر کی اپیل میں سے صرف ایک تہائی حاصل ہوسکی ہے۔

عالمی ادارہ صحت 'ڈبلیو ایچ او' نے کہا ہے کہ ایبولا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد چار ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق دنیا کے سات ممالک سے ایبولا وائرس کے 8400 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 4033 مریض موت کا شکار ہوچکے ہیں۔

ان ہلاکتوں میں نو کے علاوہ باقی تمام مغربی افریقی ممالک لائبیریا، گنی اور سیرالیون میں ہوئی۔ آٹھ افراد نائیجیریا میں ہلاک ہوئے جب کہ ایبولا کے ایک مریض کی موت امریکہ میں ہوئی۔

ڈبلیو ایچ او کی مرتب کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایبولا وائرس سے اسپین اور سینیگال میں بھی ایک، ایک شخص متاثر ہوا لیکن ان ملکوں میں اس سے کسی کی موت واقع نہیں ہوئی۔

ایبولا کی پھوٹنے والی ایک اور وبا سے عوامی جمہوریہ کانگو میں 43 افراد جان کی باز ہار چکے ہیں۔

مزید برآں جمعہ کو اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اس وبا سے نمٹنے کے لیے کی گئی ایک ارب ڈالر کی اپیل میں سے صرف ایک تہائی حاصل ہوسکی ہے۔ عالمی ادارے کے نائب سیکرٹری جنرل جان الیاسن کے مطابق مزید رقم کا بندوبست اشد ضروری ہے۔

اقوام متحدہ کے لیے امریکہ کی سفیر سمانتھا پاور نے مزید ملکوں پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور رقم عطیہ کریں۔ ان کے بقول اب تک صرف 24 ملکوں نے دس لاکھ یا اس سے کچھ زیادہ رقم دینے کا وعدہ کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG