رسائی کے لنکس

برطانیہ : ڈرائیونگ کرتے ہوئے گوگل گلاس پہننے پر پابندی


محکمہ ٹرانسپورٹ نے ویڈیو اسکرین رکھنے والی عینک جو موبائل فون کے ساتھ منسلک ہونے پر ایک کمپیوٹر اسکرین کا کام کرتی ہے اسے پہن کرڈرائیونگ کرنے پر تشویش ظاہر کر دی ہے۔

برطانیہ میں انٹرنیٹ فرم 'گوگل' کی نئی ایجاد 'گوگل گلاس' یا کمپیوٹر والی عینک پہن کر ڈرائیونگ کرنے پر پابندی عائد کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔

برطانوی میگزین 'اسٹف' کی خبر کے مطابق، محکمہ ِٹرانسپورٹ گوگل گلاس پہن کر ڈرائیونگ کرنے پر پابندی لگانا چاہتی ہے اور اس سلسلے میں نئے قوانین بنائےجارہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گوگل کمپنی آئندہ برس گوگل گلاس کو برطانوی مارکیٹ میں پیش کرے گی لیکن محکمہ ِٹرانسپورٹ نے ویڈیو اسکرین رکھنے والی عینک پہن کرڈرائیونگ کرنے پرتشویش ظاہر کر دی ہے۔ ان کے مطابق گوگل گلاس میں نصب ننھی سی ویڈیو اسکرین پر نظرآنےوالےمناظر ڈرائیور کی توجہ بٹانے کا سبب بن سکتے ہیں۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کے ترجمان نے کہا کہ، ''ہمارا ادارہ آنے والے دنوں میں گوگل گلاس کے بڑھتے ہوئے استعمال کو نظر میں رکھ کر پولیس کے ساتھ سنجیدگی سے مذاکرات کر رہا ہے تاکہ کوئی بھی ڈرائیور گاڑی چلاتے ہوئے گوگل گلاس کا استعمال نہ کر سکے۔''

میگزین کا کہنا ہے کہ اگر نئے قوانین منظور ہو جاتے ہیں تو کمپیوٹر والی عینک پہن کرڈرائیونگ کرنے پر60 پاؤنڈ جرمانہ وصول کیا جائے گا اورڈرائیونگ لائسنس پر پینلٹی کے 3 نمبرکا اضافہ کردیا جائےگا۔ اور یہ بھی ممکن ہے کہ برطانیہ میں ڈیولپرز کو فون کے لیے ایسے ایپ بنانے کی اجازت نہ دی جائے جنھیں کار میں استعمال کیا جا سکتا ہو۔

برطانیہ میں گاڑی چلاتے ہوئے موبائل فون استعمال کرنے پر پابندی کا نافذ 2003ء میں کیا گیا تھا جس کے تحت ڈرائیونگ کرتے ہوئے فون کال ملانا یا پھر پیغام بھیجنا جرم ہے البتہ ہینڈ فری فون استعمال کرنے کی اجازت ہے۔

گوگل گلاس استعمال کرنے کے لیے اسے وائی فائی کنکشن، اینڈرائڈ یا آئی او ایس سافٹ وئیر رکھنے والے اسمارٹ فون کے ساتھ منسلک کیا جاسکتا ہے جبکہ عینک پر لگی چھوٹی سی کمپیوٹر اسکرین کو کارآمد بنانے کے لیے بذریعہ آواز حکم دے کر یا OK کہنے پر استعمال کیا جا سکتا ہے یا پھر اس کے دائیں طرف لگی اسکرین کو ہلکا سا دبانے پر بھی اسے کارآمد بنایا جا سکتا ہے۔

گوگل کے ترجمان نے میگزین کو بتایا کہ، 'گوگل اپنی نئی ایجاد گوگل گلاس کے متعلق بہت احتیاط سے کام لے رہی ہے لیکن جب بھی کوئی نئی ٹیکنالوجی استعمال کی جاتی ہے تو کچھ نئے مسائل بھی سامنے آتے ہیں۔'
XS
SM
MD
LG