رسائی کے لنکس

بھارتی فلم’ہماری ادھوری کہانی‘ کراچی کے اسٹیج پر پیش ہوگی


مہیش بھٹ کا کہنا ہے کہ ان کی لکھی گئی کہانی پر بنائی گئی فلم ’ہماری ادھوری کہانی‘ پہلی اگست کو نئی دہلی میں اسٹیج پرپیش کی جائے گی۔ اس کے بعد یہ کہانی کراچی کا سفر کرے گی

معروف بھارتی ڈائریکٹر مہیش بھٹ نے اپنی فلم ’ڈیڈی‘ کو اسٹیج پلے کی صورت میں پیش کرکے کراچی اسٹیج سے جس روایت کا آغاز کیا تھا وہ وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔

کراچی میں اسٹیج ڈراموں کے دلدادہ افراد یہ سن کر یقیناً خوش ہوں گے کہ گذشتہ دنوں ریلیز کی گئی مہیش بھٹ کی فلم ’ہماری ادھوری کہانی‘ بہت جلد اسٹیج ڈرامے کی صورت میں پیش کی جائے گی۔

ٹوئیٹر پر اس بات کا انکشاف خود مہیش بھٹ نے کیا۔ مہیش بھٹ کا کہنا ہے کہ ان کی لکھی گئی کہانی پر بنائی گئی فلم ’ہماری ادھوری کہانی‘ پہلی اگست کو نئی دہلی میں اسٹیج پرپیش کی جائے گی ،اس کے بعد یہ کہانی کراچی کا سفر کرے گی۔

مہیش بھٹ اور سچترا سین گپتا کے مشترکہ ناول ’آل دیٹ کڈ ہیو بین‘ پر بننے والی فلم ’ہماری ادھوری کہانی‘ ایک امیر ہوٹل مالک اور پھول بیچنے والی لڑکی کی محبت کے گرد گھومتی ہے جواس وقت ڈرامائی موڑ لیتی ہے جب اس کا مدتوں سے لاپتہ شوہراچانک واپس آجاتا ہے۔ فلم کے ہیرو عمران ہاشمی ہیں جبکہ پھول والی کے روپ میں ان کی ہیروئن ہیں ودیا بالن۔

’ہماری ادھوری کہانی‘ کے اسٹیج پلے میں عمران ہاشمی کا رول مہیش بھٹ کی سرپرستی میں ایکٹنگ کے اتارچڑھاوٴ سیکھنے والے عمران زیدی ادا کریں گے۔ یہ مہیش بھٹ کا پہلا پلے نہیں جو کراچی میں اسٹیج ہوگا۔رواں سال اپریل میں ناپا انٹرنیشنل تھیڑ فیسٹیول میں بھی مہیش بھٹ کی فلم ’ڈیڈی‘ کو کراچی اسٹیج پر پیش کیا جا چکا ہے۔

مہیش بھٹ نے ٹوئٹ میں یہ بھی بتایا کہ پلے کا میوزک پاک بھارت راک بینڈ ریت کمپوز کرے گا۔ اس بارے میں ریت کے گٹارسٹ سنی گھنشام نے ’ڈان نیوز‘ سے بات چیت میں کہا کہ پاکستان اوربھارت کے مشترکہ پروجیکٹس میں کام کرکے ہمیشہ خوشی ہوتی ہے۔وہ مشہوربھارتی گلوکارکیلاش کھیرکا شو بھی پاکستان میں کرواچکے ہیں۔

ریت کے لیڈ سنگروجیہہ فاروقی کا کہنا تھا ’بطور میوزک ڈائریکٹر ہم دو گانے کمپوز کررہے ہیں۔‘ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان اوربھارت کے فنکاروں کا ایک اورپلے ’ملنے دو‘ زیر تکمیل ہے۔

XS
SM
MD
LG