رسائی کے لنکس

دل کی مریض معمر خواتین میں ڈیمینشیاء کی بیماری کا امکان زیادہ


اس سے قبل ماضی میں کیے جانے والے مطالعاتی جائزوں کے مطابق بھی دل کے امراض میں مبتلا خواتین اور یادداشت سے متعلق بیماریوں کا آپس میں ربط پایا گیا تھا۔

ایک نئی تحقیق کے مطابق ایسی معمر خواتین جو دل کے عارضے میں مبتلا ہیں، ان میں یادداشت سے متعلق بیماری ڈیمینشیاء میں مبتلا ہونے کے امکانات اپنی ان ہم عمر خواتین کی نسبت زیادہ ہوتے ہیں جنہیں دل کا عارضہ لاحق نہیں۔

تحقیق سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ وہ خواتین جنہیں دل کا دورہ پڑا، ان میں ڈیمینشیاء میں مبتلا ہونے کے امکانات خاصے زیادہ تھے۔

اس سے قبل ماضی میں کیے جانے والے مطالعاتی جائزوں کے مطابق بھی دل کے امراض میں مبتلا خواتین اور یادداشت سے متعلق بیماریوں کا آپس میں ربط پایا گیا تھا۔

اس تحقیق کی سربراہی جرمنی کی ایک میڈیکل یونیورسٹی سے منسلک ڈاکٹر برنارڈ ہیرنگ کر رہے تھے جو کہتے ہیں کہ، ’ہماری تحقیق اس بات کے شواہد دیتی ہے کہ دل کے امراض خواتین میں کئی دیگر امراض کا بھی سبب بن سکتے ہیں‘۔

اس تحقیق کے لیے 65 سے 79 برس کی 6,000 خواتین کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا۔
اس تحقیق میں خواتین سے پوچھا گیا اگر انہیں کبھی دل کی بیماری کا سامنا کرنا پڑا۔ تحقیق کے آغاز اور سال میں ایک مرتبہ دوبارہ ان خواتین کے دماغی افعال کا جائزہ لیا گیا۔

آٹھ سال بعد، تقریباً 400 خواتین میں یادداشت سے متعلق بیماری ڈیمینشیاء کے اثرات نظر آنا شروع ہوئے۔ ایسی خواتین جنہیں دل کا عارضہ لاحق تھا، ان میں یہ مسائل ان باقی خواتین کی نسبت کہیں زیادہ تھے جنہیں دل کا عارضہ لاحق نہیں تھا۔

ایسی خواتین جن کا بائی پاس آپریشن کیا گیا تھا ان کی شریانیں سخت ہونے کے باعث جسم میں خون کی گردش درست نہیں رہی جس کی وجہ سے ان کی ٹانگوں اور پاؤں تک خون کی گردش درست طرح نہیں پہنچ سکی۔ ماہرین کے مطابق ایسی خواتین میں ڈیمینشیاء ہونے کے امکانات سب سے زیادہ تھے۔

ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ ایسی معمر خواتین جنہیں دل کا عارضہ لاحق ہے انہیں چاہیئے کہ وہ ورزش کو معمول بنانے کے ساتھ ساتھ اپنے معالج کے پاس بھی باقاعدگی سے جائیں تاکہ کسی نئی بیماری کی صورت میں احتیاطی تدابیر پہلے سے اختیار کرنا ممکن ہوسکے۔
XS
SM
MD
LG