رسائی کے لنکس

شدت پسندی کے مقابلے پر عراق کے ساتھ ہیں: ایران


عراق کے نومنتخب وزیرِاعظم العبادی دولتِ اسلامیہ کے بڑھتے ہوئے خطرے اور اس سے نبٹنے کے لیے جاری کوششوں میں تعاون کے لیے ایران کے دورے پر ہیں

ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ان کا ملک سنی شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے خلاف جنگ میں عراق کے ساتھ کھڑا ہے اور اسے ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق بدھ کو دارالحکومت تہران میں عراق کے وزیرِاعظم حیدر العبادی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے صدر روحانی نے کہا کہ ایران شدت پسندی کے خلاف لڑائی میں آغاز سے اختتام تک بغداد حکومت کے ساتھ ہوگا۔

عراق کے نومنتخب وزیرِاعظم العبادی دولتِ اسلامیہ کے بڑھتے ہوئے خطرے اور اس سے نبٹنے کے لیے جاری کوششوں میں تعاون کے لیے ایران کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے ایرانی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کی ہیں۔

خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزیرِاعظم کے ساتھ ملاقات میں ایران کے صدر کا کہنا تھا کہ خطے کے تمام ممالک کو دہشت گردی کا مقابلہ متحد ہو کر اور مشترک حکمتِ عملی کے ذریعے کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ان کا ملک عراق کو فوجی مشاورت اور ہتھیاروں کی فراہمی جاری رکھے گا۔

ملاقات میں عراقی وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ دولتِ اسلامیہ اور دہشت گردی خطے کے تمام ممالک کے لیے یکساں خطرہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شدت پسندوں کے مقابلے میں ایران ان کے ملک کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

حیدر العبادی نے کہا کہ انہوں نے وزیرِاعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلے غیر ملکی دورے کے لیے ایران کا انتخاب کیا ہے جس سے دونوں ملکوں کے درمیان موجود مضبوط تعلقات کا اظہار ہوتا ہے۔

دولتِ اسلامیہ کے خلا ف امریکہ کی قیادت میں بننے والے بین الاقوامی اتحاد میں ایران شامل نہیں ہے اور یہ واضح نہیں کہ آیا شدت پسند تنظیم کے خلاف ایران کا عراقی حکومت سے تعاون عالمی اتحاد کی کارروائیوں پر اثر انداز ہوگا یا نہیں۔

XS
SM
MD
LG