رسائی کے لنکس

پاکستانی فلم ’مالک‘ کی ملک بھر میں نمائش پر پابندی


نوٹیفکیشن کے مطابق، فلم کا سنسر سرٹیفکیٹ بھی فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے۔ تاہم، نوٹیفکیشن میں پابندی کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی

کراچی ... پاکستان سنسربورڈ نے پولیٹیکل تھرلر فلم ’مالک‘ کی نمائش پر پابندی لگاتے ہوئے اس کی نمائش کا سرٹیفکیٹ معطل کردیا ہے۔ وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے جس کے تحت فلم پاکستان بھر میں کہیں بھی نمائش کے لئے پیش نہیں کی جا سکتی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق فلم کا سنسر سرٹیفکیٹ بھی فوری طورپر معطل کردیا گیا ہے۔ تاہم، نوٹیفکیشن میں پابندی کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔

تاہم، مقامی میڈیا میں اپنے ذرائع کے حوالے سے پابندی کی جو وجوہات بیان کی جارہی ہیں ان میں نسل پرستی، قانون ہاتھ میں لینے، اسے توڑنے کی ترغیب دینے اور فلم کے ذریعے سیاسی لوگوں کی تضحیک کے الزامات شامل ہیں۔

اس سے ایک روز قبل صوبائی سنسر بورڈ سندھ نے بھی فلم پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ تاہم، اسے چند گھنٹوں بعد ہی واپس لے لیا گیا تھا۔

فلم کے مصنف، پروڈیوسر اور ہدایت کار عاشر عظیم ہیں جبکہ فلم کی کاسٹ میں خود عاشر عظیم ، فرحان علی آغا، ساجد حسن، حسن نیازی، عدنان شاہ، راشد فاروقی اور احتشام الدین شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG