رسائی کے لنکس

امریکہ، ملیریے کا 40 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا


امریکیوں کے ملیریا میں مبتلا ہونے کے تقریباً تمام کیسز بیرون ِ ملک رپورٹ کیے گئے۔ دو تہائی کیسز افریقہ میں درج کیے گئے۔

امریکہ میں امراض کی روک تھام سے متعلق قومی ادارے کے مطابق رواں برس امریکہ میں ملیریا میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ نوٹ کیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ تعداد گذشتہ چالیس برس میں سب سے زیادہ ہے۔

2011ء میں امریکہ میں ملیریا کے 1,925 کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ یہ تعداد 1971ء کے بعد سے زیادہ تھی جبکہ 2010ء کے مقابلے میں یہ شرح 14٪ زیادہ تھی۔

امریکہ کے قومی ادارہ برائے تدارک ِ امراض کے سربراہ ٹام فریڈمین کہتے ہیں کہ، ’ملیریا ایک ایسا مرض نہیں ہے جس کے امریکہ میں آپ کو بہت سے مریض دکھائی دیں کیونکہ 40ء کے عشرے میں امریکہ نے ملیریا کے خاتمے کے لیے زوردار مہم چلائی تھی۔ امریکیوں میں ملیریا کی ایک بڑی وجہ سفر اور سفر کے دوران مختلف لوگوں سے میل جول بھی ہو سکتا ہے۔‘

امریکیوں کے ملیریا میں مبتلا ہونے کے تقریباً تمام کیسز بیرون ِ ملک رپورٹ کیے گئے۔ دو تہائی کیسز افریقہ میں درج کیے گئے۔

ملیریا مادہ مچھر کے کاٹنے کی وجہ سے پھیلتا ہے۔

2010ء میں دنیا بھر میں 660,000 افراد ملیریا میں مبتلا ہو کر ہلاک ہوئے جبکہ 219 ملین افراد ملیریا میں مبتلا ہوئے۔
XS
SM
MD
LG