رسائی کے لنکس

کنگ خان کی نئی فلم ’دل والے‘ کی پاکستان میں نمائش کا اعلان


حال ہی میں ریڈ چیلیز انٹرٹینمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ اور روہت شیٹھی پروڈکشنز کی جانب سے ’دل والے‘ کا گانا ’گیروا‘ ایک شاندار تقریب میں ریلیز کیا گیا۔ اس تقریب میں فلم کی کاسٹ کے ساتھ ساتھ بالی ووڈ کے کئی نامور فنکاروں اور ہدایتکاروں نے شرکت کی

بالی ووڈ کے کنگ خان کی نئی فلم ’دل والے‘ نے ریلیز سے قبل ہی شہ سرخیوں میں جگہ بنالی ہے۔ اب سب کو جس بڑی فلم کا انتظار ہے وہ ’دل والے‘ ہی ہے۔

فلم ’دل والے‘ کی مقبولیت کی وجہ پانچ سال بعد ناظرین کی پسندیدہ جوڑی شاہ رخ خان اور کاجول کا ایک ساتھ اسکرین پر جلوہ گر ہونا بھی ہے۔ ’دل والے‘ 18دسمبر کو بھارت اور پاکستان میں بیک وقت ریلیز کی جا رہی ہے۔

فلم کی پاکستان میں نمائش کے حقوق ’ہم فلمز‘ نے حاصل کر لئے ہیں جو اس سے قبل سلمان خان کی بلاک بسٹر فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ کو بھی پاکستان میں پیش کر چکے ہیں۔

حال ہی میں ریڈ چیلیز انٹرٹینمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ اور روہت شیٹھی پروڈکشنز کی جانب سے ’دل والے‘ کا گانا ’گیروا‘ ایک شاندار تقریب میں ریلیز کیا گیا۔ اس تقریب میں فلم کی کاسٹ کے ساتھ ساتھ بالی ووڈ کے کئی نامور فنکاروں اور ہدایتکاروں نے شرکت کی۔

تقریب میں ورن دھون اور کریتی سونن نے اس گانے پرشاہ رخ خان اور کاجول کے ہمراہ پرفارم بھی کیا۔

اس موقع پر شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ ’میں اس فلم میں کاجول کے ساتھ پانچ سال کے وقفے کے بعد کام کر رہا ہوں۔ اس لئے ہمارے ڈائریکٹر روہت شیٹھی کا کہنا تھا کہ اس گانے کو فلم کے دوسرے گانوں سے مختلف اور انوکھا ہونا چاہئے اور اسی مقصد کے لئے اس گانے کو بالکل مختلف انداز میں فلمایا گیا ہے جو ناظرین کو بہت پسند آئے گا۔

کاجول کا کہنا تھا کہ ’جب یہ گانا فلمایا جا رہا تھا تو اس وقت شدید ٹھنڈ تھی جس کی وجہ سے اس گانے کی فلمبندی میں مشکلات پیش آرہی تھی‘ لیکن گانے کی عمدہ موسیقی اور ساتھی فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی وجہ سے اس کی فلمبندی میں بہت مزہ آیا اور سات دن کے اندر اندر اسے مکمل کر لیا گیا۔‘

فلم کی ہدایات معروف ڈائریکٹر روہت شیٹھی نے دی ہیں جو اس سے قبل شاہ رخ خان کے ساتھ ’چنائی ایکسپریس‘ بنا چکے ہیں۔

’دل والے‘ فیملی فلم ہے جس میں کامیڈی، رومانس اور ایکشن سب کچھ موجود ہے۔ فلم کی کاسٹ میں شاہ رخ خان ‘کاجول‘ ورن دھون اور کریتی سونن شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG