رسائی کے لنکس

خیبر ایجنسی: فضائی کارروائی میں 20 'دہشت گرد' ہلاک


افغان سرحد سے ملحقہ اس قبائلی علاقے میں طور درہ اور کوکی خیل میں کی گئی فضائی کارروائیوں میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو منگل کو علی الصبح نشانہ بنایا گیا، جس میں دہشت گردوں کے زیر استعمال تین ٹھکانوں اور اسلحے کے دو ذخیروں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔

پاکستان کی فوج نے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں فضائی کارروائی کر کے کم ازکم 20 مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کے بیان کے مطابق افغان سرحد سے ملحقہ اس قبائلی علاقے میں طور درہ اور کوکی خیل میں کی گئی فضائی کارروائیوں میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو منگل کو علی الصبح نشانہ بنایا گیا۔

ان کارروائیوں میں شدت پسندوں کے زیر استعمال تین ٹھکانوں اور اسلحے کے دو ذخیروں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔

پاکستانی فوج نے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف تین ماہ قبل بھرپور کارروائی شروع کی تھی جس میں اب تک ایک ہزار سے زائد شدت پسندوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔

پیر کو شمالی وزیرستان میں پاکستانی فوج نے مخصوص اہداف کا گن شب ہیلی کاپٹروں سے نشانہ بنایا تھا جس میں 15 مشتبہ عسکریت پسندوں مارے گئے جب کہ بارود سے بھری 10 گاڑیوں کو تباہ کیا گیا۔

اس دوران خیبر ایجنسی میں بھی فضائی کارروائیاں کی جاتی رہی ہیں۔

فوجی عہدیدار یہ کہہ چکے ہیں کہ دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کامیابی سے جاری ہیں اور انھیں ملک کے کسی بھی کونے میں چھپنے کی جگہ نہیں دی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG