رسائی کے لنکس

کراچی: شوبز شخصیات بھی مقامی ’آزادی مارچ‘ میں شریک


پی ٹی آئی کے کارکنوں سمیت جہاں شہری بڑی تعداد میں روزانہ جمع ہوتے ہیں وہیں 'پاکستان کی شوبز انڈسٹری' کے کئی جانے مانے مشہور چہرے بھی دھرنے میں بیٹھے نظر آتے ہیں

کراچی: پاکستان کی موجودہ صورتحال میں سیاسی دھرنے اس وقت خوب عروج پر ہیں۔ اسلام آباد سمیت، کراچی میں بھی پاکستان تحریک انصاف کے حامیوں کی طرف سے ’آزادی مارچ‘ سے یکجہتی کے لیے پچھلے کئی روز سے مقامی دھرنے جاری ہیں۔

کراچی کے ساحلی علاقے کلفٹن میں پی ٹی آئی کے کارکنوں سمیت جہاں شہری بڑی تعداد میں روزانہ جمع ہوتے ہیں وہیں 'پاکستان کی شوبز انڈسٹری' کے کئی جانے مانے مشہور چہرے بھی دھرنے میں بیٹھے نظر آتے ہیں۔

ان مشہور سیلیبریٹیز میں پاکستان شوبز میں جگہ بنانے والے نوجوان اداکار، حمزہ علی عباسی بھی موجود تھے۔

وی او اے سے گفتگو کرتے ہوئے، حمزہ علی نے کہا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی بھرپور سپورٹ کرتے ہیں۔ بقول اُن کے، ’چاہے آپ اداکار ہیں، درزی ہیں یا مزدور، جو صحیح بات کر رہا ہو اسکا ہمیشہ ساتھ دیں۔ پاکستانی شہری ہونے کے ناطے ہم اداکار بھی اسلئے یہاں آئے ہیں اور دھرنے میں بیٹھے ہیں تاکہ ملک میں ایک نئی اور اچھی تبدیلی آئے۔

ایک سوال کے جواب میں، اُن کا کہنا تھا کہ ’ہم فنکاروں اور شوبز کیلئے یہاں نہیں آئے، بلکہ ملک کے غریب اور نادار لوگ، جو بھوکے پیٹ سوتے ہیں، ان کے روزگار کا مسئلہ پہلے حل ہونا چاہئے۔ جب ملک کی غربت ختم ہوگی تب ہی ملک کا فنکار بھی ترقی کرےگا'.

بقول اُن کے، ’جب ہمارا ملک بہتر ہوگا تو ملک کی فلم انڈسٹری بھی بہتر ہوگی۔‘

حمزہ علی کے مزید کہا کہ، اس طرح، ہماری پاکستانی فلمیں بھی دنیا بھر میں دیکھی جائیں گی، ہمیں ملک میں عمل داری کے نظام کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔

دھرنے میں فلم اور ڈراموں کی دیگر شخصیات ہمایوں سعید، ایمان علی اور سوہا ابڑو بھی شریک ہوتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG