رسائی کے لنکس

اسٹائل ایوارڈز کی شام ’نامعلوم افراد‘ اور ’پیارے افضل‘ کے نام


مختلف شعبوں میں اسٹائل ایوارڈز اپنے نام کرنے کے لئے اس مرتبہ 13 پاکستانی فلمیں مد مقابل تھیں، لیکن ’نامعلوم افراد‘ نے بہترین فلم، بہترین ڈائریکٹر اور بہترین ایکٹر کی ٹرافیاں جیت کر ایوارڈز کی شام اپنے نام کر لی

فلم، ٹی وی اور فیشن انڈسٹری میں شاندار کارکردگی دکھانے والوں کو سراہنے کے لئے شروع کئے جانے والے ’اسٹائل ایوارڈز‘ کو 14 سال مکمل ہوگئے۔ ہر سال کی طرح اس بار بھی ایوارڈز کی تقریب میں سپر اسٹارز اور سیلبریٹیز کی شرکت نے چار چاند لگا دیے۔

کراچی ایکسپو سینٹر میں اسٹائل ایوارڈز کی تقریب کا آغاز امجد صابری کی جانب سے پیش کی گئی شہرہ آفاق قوالی’تاجدار حرم‘ سے ہوا، جبکہ پاکستان انٹرٹینمنٹ کی سب سے مشہور اور پسند کی جانے والی فواد خان اور ماہرہ خان کی جوڑی نے تقریب کی میزبانی نہایت عمدگی اور بے ساختگی سے کی۔ دونوں نے دلچسپ اور برجستہ جملوں پر تالیوں کی صورت میں خوب داد سمیٹی۔

مختلف شعبوں میں اسٹائل ایوارڈز اپنے نام کرنے کے لئے اس مرتبہ 13پاکستانی فلمیں مد مقابل تھیں۔ لیکن، ’نامعلوم افراد‘ نے بہترین فلم، بہترین ڈائریکٹر اور بہترین ایکٹر کی ٹرافیاں جیت کر ایوارڈز کی شام اپنے نام کرلی۔

نامعلوم افراد میں بہترین ایکٹنگ پر جاوید شیخ کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔ جاوید شیخ آج کل امریکا کے دورے پر ہیں اس لئے ان کا ایوارڈ ان کے بیٹے شہزاد شیخ نے وصول کیا۔

فلم ’دختر‘ میں عمدہ کردار نگاری پرصالحہ عارف کو بہترین اداکارہ کاایوارڈ دیا گیا۔

ٹیلی ویژن کے لئے اسٹائل ایوارڈز کا میلہ ’پیارے افضل‘ نے5 ایوارڈز جیت کر لوٹ لیا۔ سپرہٹ سیریل پیارے افضل کے لئے عائزہ کو بہترین اداکارہ، بہترین اداکار کے لئے حمزہ علی عباسی، بہترین پلے پر ہمایوں سعید، بہترین ڈائریکٹر کے لئے ندیم بیگ اور خلیل الرحمٰن قمر کو بہترین رائٹر کے ایوارڈز سے نوازا گیا۔

ایوارڈز کی تقریب کے درمیان پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے میگا اسٹارز کی میگا پرفارمنسز نے سماں باندھ دیا اور سب نے بھرپور لطف اٹھایا۔

راک اسٹارعلی ظفر، میرا، ریشم، راحت فتح علی خان نے محفل پر جو رنگ جمایا وہ دیکھنے والے مدتوں بھول نہ پائیں گے۔ عائشہ عمر نے فلم ’کراچی سے لاہور‘ کے گانے ’ٹوٹی فروٹی‘ پر عروہ حسین نے ’نامعلوم افراد‘ کے’دربدر‘ اور آمنہ الیاس نے ’دیکھ مگر پیار سے‘ کے ’کالیا ڈوریا‘ پر شاندار رقص کا مظاہرہ کیا۔

XS
SM
MD
LG