رسائی کے لنکس

امریکہ: سول رائٹس تحریک کے رہنما جولین بونڈ کا انتقال


فائل
فائل

امریکی صدر براک اوباما نے امریکہ میں سیاہ فام باشندوں کے لیے مساوی حقوق کے حصول کی جدوجہد میں جولین بونڈ کے کردار کو سراہا ہے۔

امریکہ میں 1960ء کی دہائی میں شہری آزادیوں کے حق میں اور نسلی منافرت کے خلاف چلنے والی تحریک کے سرگرم کارکن اور رہنما جولین بونڈ انتقال کرگئے ہیں۔

بونڈ مختصر علالت کے بعد ہفتے کی شب امریکی ریاست فلوریڈا کے قصبے فورٹ والٹن بیچ میں چل بسے۔ ان کی عمر 75 برس تھی۔

امریکی صدر براک اوباما نے جولین بونڈ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امریکہ میں سیاہ فام باشندوں کے لیے مساوی حقوق کے حصول کی جدوجہد میں ان کے کردار کو سراہا ہے۔

اتوار کو وہائٹ ہاؤس سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں امریکی صدر نے کہا ہے کہ جولین بونڈ ایک ہیرو تھے جنہوں نے امریکہ میں مثبت تبدیلی لانے میں سرگرم کردار ادا کیا۔

بیان میں صدر اوباما نے کہا ہے کہ انہیں اور خاتونِ اول مشیل اوباما کو جولین بونڈ کی رہنمائی، مشاورت اور دوستی میسر رہی۔

جولین بونڈ 1960 ء میں امریکہ میں نسلی تفریق کے خلاف تحریک شروع کرنے والی طلبہ تنظیم 'اسٹوڈنٹ نان وائلنٹ کوآرڈی نیٹنگ کمیٹی' کے بانیوں میں سے تھے اور پانچ سال تک کمیٹی کے کمیونی کیشن ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔

وہ 1960ء کی دہائی میں امریکہ کی جنوبی ریاستوں میں عوامی مقامات اور ٹرانسپورٹ میں سیاہ اور سفید فام شہریوں کے درمیان تفریق کے خلاف طلبہ کے احتجاج کی قیادت کرنے والے سرِ فہرست رہنماؤں میں شامل تھے۔

اٹلانٹا کے 'مور ہاؤس کالج' سے فارغ التحصیل جولین بونڈ 1965ء میں ریاست جارجیا کے ایوانِ نمائندگان کے رکن منتخب ہوئے تھے لیکن ویتنام جنگ کی مخالفت کرنے کی پاداش میں ایوان کے سفید فام ارکان نے انہیں حلف اٹھانے سے روک دیا تھا۔

بعد ازاں امریکہ کی سپریم کورٹ نے بونڈ کے مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے فیصلہ سنایا تھا کہ بونڈ کو حلف اٹھانے سے روک کر ایوان نے ان کی اظہارِ رائے کی آزادی سے محروم کرنے کی کوشش کی ہے۔

جولین بونڈ 1975ء تک جارجیا کے ایوانِ نمائندگان کے رکن رہے تھے جس کے بعد انہوں نے 1975ء سے 1986ء تک مسلسل چھ بار ریاست کی سینیٹ میں خدمات انجام دی تھیں۔

سنہ 1968 میں شکاگو میں ہونے والے ڈیموکریٹ پارٹی کے قومی کنونشن میں انہیں امریکہ کی نائب صدارت کا امیدوار نامزد کیا گیا تھا لیکن کم عمر ہونے کی وجہ سے انہیں اپنی نامزدگی واپس لینا پڑی تھی۔ وہ امریکہ کے نائب صدر نامزد ہونے والے پہلے سیاہ فام شہری تھے۔

XS
SM
MD
LG