رسائی کے لنکس

’نائٹ میئر آن ایلم اسٹریٹ‘ کے ڈائریکٹر، ویس کریون چل بسے


ہالی ووڈ کے اِس منفرد اداکار نے اپنے کیرئیر کی شروعات1972ء میں بننے والی فلم ’دی لاسٹ ہاوٴس آن دی لیفٹ‘ سے کیا تھا۔ فلم کی کہانی بھی ویس نے ہی لکھی تھی اور ڈائرکشن اور ایڈیٹنگ بھی انہی کی تھی

کراچی ... ہالی وڈ میں ڈراوٴنی فلموں کے بے تاج بے بادشاہ کہلائے جانے والے ڈائریکٹر، ویس کریون دماغ کے کینسر کے ہاتھوں مات کھا کر اس دنیا سے چل بسے۔

’ہالی وڈ رپورٹر‘ کے مطابق، 76سالہ ویس کریون کا انتقال لاس اینجلس میں ان کی رہائش گاہ پر ہوا۔ ویس نے اپنے کیرئیر کی شروعات1972ءمیں بننے والی فلم ’دی لاسٹ ہاوٴس آن دی لیفٹ‘ سے کیا تھا۔ فلم کی کہانی بھی ویس نے ہی لکھی تھی اور ڈائرکشن اور ایڈیٹنگ بھی انہی کی تھی۔

سال 1984ء میں ویس کریون کی وہ شاہکار فلم سامنے آئی جس نے دنیا بھر میں ڈراوٴنی فلموں کو ایک نیا اور منفرد رنگ اور اسٹائل دیا۔۔اور وہ فلم تھی ’نائٹ میئر آن ایلم اسٹریٹ‘۔

’نائٹ میئر۔۔‘ اپنے زمانے کی بلاک بسٹر سیریز ثابت ہوئی اور اس کے ایک شہرہ آفاق کردار فریڈی کروگر کا نام دہشت اور خوف کی علامت بن گیا۔ وہ اس فلم کے قلم کار بھی تھے اور ڈائریکٹر بھی۔

ویس نے جو دوسری کلاسک فلم ہالی وڈ کو دی وہ ’اسکریم‘ تھی جس نے نہ صرف مقبولیت حاصل کی، بلکہ باکس آفس پر بھی کئی نئے ریکارڈ بنائے۔

ویس کریون کی دیگر ہٹ ڈراوٴنی فلموں میں ’سوامپ تھنگ‘، ’ڈیڈلی فرینڈ‘ اور ’دی پیپل انڈر دی اسٹیرئز‘ شامل ہیں۔ ویس کریون جوہر شناس تھے۔ ’نائٹ مئیر آن ایلم اسٹریٹ‘ کی کاسٹنگ کے دوران انہوں نے ہالی وڈ اسٹارجونی ڈیپ کو دریافت کیا۔۔۔’ڈیڈلی بلیسنگز‘ میں پہلی بار شیرون اسٹون کو کاسٹ کیاجبکہ بروس ویلس کو ان کے پہلے فیچرڈ رول میں 1980ء کے عشرے میں ’دی ٹوالائٹ زون‘ میں بھی کاسٹ کیا۔

ویس کریون نے اپنی روایتی ڈگر سے ہٹ کر میوزک آف دی ہارٹ بنائی جس میں میرل اسٹریپ کو ان کی بہترین کردار نگاری پر آسکر ایوارڈ برائے بہترین اداکارہ کی کیٹیگری میں منتخب کیا گیا۔

XS
SM
MD
LG