رسائی کے لنکس

’ بجرنگی بھائی جان‘ کی پاکستان میں ریلیز کا امکان روشن


ماضی میں سلمان خان کی کچھ فلموں کو پاکستانی سنسر بورڈ نے ریلیز کی اجازت نہیں دی تھی، لیکن اس بار ایسا نہیں ہوگا، کیونکہ سلمان خان فلم میں بھارت سے پاکستان کا سفر کر رہے ہیں محبتیں پھیلانے اور انہیں بڑھاوا دینے کی غرض سے

سلو بھیا کے پاکستانی فینز یہ سن کر یقیناً خوش ہوں گے کہ ان کی نئی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ پاکستان میں بھی خوب دھوم دھام سے ریلیز ہوگی۔

ماضی میں سلمان خان کی کچھ فلموں کو پاکستانی سنسر بورڈ نے ریلیز کی اجازت نہیں دی تھی، لیکن اس بار ایسا نہیں ہوگا کیونکہ سلمان خان فلم میں بھارت سے پاکستان کا سفر کر رہے ہیں محبتیں پھیلانے اور انہیں بڑھاوا دینے کی غرض سے۔

فلم ڈسٹری بیوشن کمپنی ایورریڈی پکچرز کے زین ولی نے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’بجرنگی بھائی جان‘ عید پر پاکستان بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہوگی اور یہ بات 102فیصد یقینی ہے۔ فلم میں کوئی ایسی چیز نہیں جس پر اعتراض اٹھایا جائے اس لئے ہمیں یقین ہے کہ ’بجرنگی بھائی جان‘ پاکستانی فلم ’بن روئے‘ اور دیگر فلموں کے ساتھ عیدکے موقع پر شائقین کو تفریح فراہم کرے گی۔ لیکن، فلم کی ریلیز کے بارے میں حتمی فیصلہ اوراعلان سنسر بورڈ کرے گا۔‘

’ہندوستان ٹائمز‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق ’بجرنگی بھائی جان‘ میں سلمان خان کی ہیروئن ہیں کرینہ کپور جبکہ نوازالدین صدیقی بھی فلم میں اہم رول نبھا رہے ہیں۔ سلمان اور کرینہ اس پہلے ’باڈی گارڈ‘ میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں اور شائقین فلم نے دونوں کی جوڑی کو بہت پسند کیا تھا۔

کبیر خان کی ڈائریکشن میں بنی ’بجرنگی بھائی جان‘ ایسے شخص کی کہانی ہے جو گونگی بہری پاکستانی بچی کو اس کے گھر پہنچانے کے لئے طرح طرح کی مشکلات کا سامنا کرتا ہے۔ لیکن بچی کو بحفاظت گھر پہنچا کر ہی دم لیتا ہے۔ اس سفر میں جذباتی اتار چڑھاوٴ بھی ہیں اور مار دھاڑ بھی۔

’بجرنگی بھائی جان‘ میں ہائی وولٹیج ڈرامے سے گانوں تک وہ تمام مصالے موجود ہیں جو سلمان خان کی فلموں کا خاصہ ہیں اسی لئے شائقین ’بجرنگی بھائی جان‘ کی پاکستان آمد کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG