رسائی کے لنکس

گریمی ایوارڈز کا میلہ سیم اسمتھ نے لوٹ لیا


سیم اسمتھ کے علاوہ اس سال فیررل ولیمز، بیونسے اور لیڈی گاگا بھی 57 ویں گریمی ایوارڈز جیتنے والوں کی فہرست میں شامل رہے۔

موسیقی کی دنیا کے سب سے بڑے ”گریمی ایوارڈز2015ء “کی رنگا رنگ تقریب اس بار لاس اینجلس کے اسٹیپل سینٹر میں سجی جہاں میوزک انڈسٹری کے ساتھ ساتھ گلیمر ورلڈ کو چکاچوند کردینے والی بہت سی ہستیاں محفل کو چارچاند لگانے کی غرض سے موجود تھیں۔

دنیائے موسیقی کے اہم ترین ایوارڈز 'گریمی' کا میدان 4 ایوارڈز جیت کر جس سنگر نے اپنے نام کیا ہے وہ برطانیہ سے تعلق رکھنے والے سیم اسمتھ ہیں جو اپنی بہترین گائیکی پر ”ریکارڈ آف دی ایئر“، ”سونگ آف دا ایئر“، ”بہترین پوپ ووکل البم“ اور ”بہترین نیو آرٹسٹ آف دا ایئر“ کی ٹرافیاں گھر لے جانے میں کامیاب رہے۔

گزشتہ سال ریلیز ہونے والی اسمتھ کے البم ”لونلی ان دا آور“ کی دس لاکھ سے زائد کاپیاں فروخت ہوچکی ہیں۔

اسمتھ کے علاوہ اس سال فیررل ولیمز، بیونسے اور لیڈی گاگا بھی 57 ویں گریمی ایوارڈز جیتنے والوں کی فہرست میں شامل رہے۔ سال کے بہترین البم کا ایوارڈ بَیک کو ’مارننگ فیز‘ پر دیا گیا۔ انہوں نے مجموعی طور پر دو ایوارڈز حاصل کیے۔

ملالہ یوسف زئی کی آڈیو بک بھی گریمی میں کامیاب

پاکستان کی نوبیل انعام یافتہ اور لڑکیوں کی تعلیم کو عام کرنے کے لیے کوشاں ملالہ یوسف زئی کی آڈیو بک ”آئی ایم ملالہ" کو بچوں کے بہترین البم کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ آڈیو البم دس سال اور اس سے زیادہ عمر کے بچوں کے لئے تیار کیا گیا ہے۔

بہترین ویڈیو
بہترین میوزک ویڈیو فیرل ولیمز کی ’ہیپی‘ قرار پائی جبکہ انہیں بہترین پوپ سولو پرفارمنس کا ایوارڈ بھی ملا۔ سال کا بہترین گانا اور ریکارڈ آف دا ائیر سیم اسمتھ کا ’اسٹے ود می‘ رہا تو البم آف دا ایئر کا اعزاز حاصل کیا بیک کے ’مارننگ فیز‘ نے۔ بہترین آر اینڈ بی پرفارمنس کا ایوارڈ ’ڈرنک ان لو‘ کے لئے بیونسے اور جے زی کو دیا گیا۔ بہترین کنٹری البم کا گریمی ایوارڈ مرنڈا لمبارٹ نے اپنے نام کیا۔

ٹونی بینٹ اور لیڈی گاگا نے ’چیک ٹو چیک‘ کے لئے بہترین ٹریڈیشنل پوپ ووکل البم کا ایوارڈ جیتا۔

گریمی ایوارڈز کی تقریب میں میوزک کے میگا اسٹارز میڈونا، کیٹی پیری، ریانہ، کینی ویسٹ، لیڈی گاگا اور سر پال میکارٹنی نے بھی پرفارم کیا۔

صدر اوباما کا ویڈیو پیغام
ایوارڈز کی تقریب میں امریکی صدر براک اوباما نے بھی بذریعہ ریکارڈڈ ویڈیو پیغام شرکت کی جس میں انہوں نے گھریلو تشدد کے خلاف جاری مہم کے حق میں بات کی۔

XS
SM
MD
LG