رسائی کے لنکس

دنیا بھر کے میگا اسٹارز چلائیں گے ایک انوکھی مہم


بالی وڈ میگا اسٹار ریتھک روشن ہر فرد کو صحت کی سہولتیں دینے کا وعدہ کریں گے، ملالہ یوسفزئی ’سب کے لئے معیاری تعلیم‘ کا پرچم بلند کریں گی۔۔۔ ’ون ڈائرکشن‘، ’بھوک مٹاوٴ مہم‘ کی تشہیر کریں گے۔ میرل اسٹریپ ’سمندری حیات کے تحفظ‘ کا پرچار کریں گی

جی ہاں۔۔ہالی ووڈ ہو۔۔ یا۔۔ بالی ووڈ ۔۔یا پھر دنیا بھر کی دوسری فلم انڈسٹریز۔۔ ان سب سے تعلق رکھنے والے تمام میگا اسٹارز اب ایک انوکھی اور منفرد مہم شروع کرنے والے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان سب کے درمیان ایک پاکستانی ستارہ بھی ان میگا اسٹارز میں چم چماتا نظر آئے گا۔

اس پاکستانی اسٹار کے بارے میں تو ہم آپ کو بتائیں گے ہی مگر پہلے ذرا ان میگا اسٹارز اور دنیا بھر کی دیگر اہم شخصیات کے یکجا ہونے کا مقصد بھی سن لیجئے۔ ان میگا اسٹارز اور دنیا کی مشہور و معروف شخصیات نے غربت، جہالت اور پسماندگی کے خاتمے کا بیڑہ اٹھا لیا ہے اور اس سلسلے میں وہ اقوام متحدہ کی ’گلوبل گولز‘ مہم کا حصہ بن گئی ہیں۔

’گلوبل گولز‘ یعنی عالمی اہداف یا وہ مسئلے جو دنیا کے تمام ممالک کو درپیش ہوں، اس مہم کو عوامی سطح پر آگاہی بخشنے کے لئے ایک ویب سائٹ بھی ترتیب دی گئی ہے جسے ’گلوبل گولز ویب سائٹ‘ کا نام دیا گیا ہے۔

اسی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق, اقوام متحدہ کی عالمی سطح پر شروع کی جانے والی مہم کی خاص بات وہ فلم بھی ہے جو ان مسائل کی جانب نشاندہی کرتی ہے۔ اس فلم کا عنوان ہے ’وی دا پیپل‘ ۔۔یعنی ہم لوگ‘ ہے۔

فلم میں بالی ووڈ اور ہالی ووڈ سمیت دنیا بھر کی فلمی صنعت کے میگا اسٹارز اور دیگر شعبوں میں نمایاں کارنامے انجام دینے والی شخصیات عوام کو عالمی مسائل کے خاتمے کے لئے مشترکہ کوششیں کرنے کی ترغیب دیتے نظر آئیں گے۔

فلم سے جڑی ایک اور دلچسپی یہ ہے کہ اس میں عام لوگوں کو بھی اپنے پسندیدہ ستاروں کے ساتھ اسکرین پر جلوے دکھانے کا موقع مل سکے گا۔

ہالی وڈ سیلبریٹیز ایشٹن کیچز، کیٹ بلانشے، ڈینئیل کریگ،جینفر لارنس، جینفر لوپز، کیٹ ونسیلٹ، رابرٹ پیٹی سن اور دیگر ستارے گلوبل گولز میں شامل ہیں۔

اب ذرا بات ہوجائے اس بارے میں کہ کون سی سیلبریٹی گلوبل گولز میں کس چیز کو پروموٹ کرے گی۔ بالی وڈ میگا اسٹار ریتھک روشن ہرفرد کو صحت کی سہولتیں دینے کا وعدہ کریں گے تو نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی ’سب کے لئے معیاری تعلیم‘ کا پرچم بلند کریں گی۔

یہاں یہ بتانا اضافی ہی ہوگا ہے کہ ملالہ ہی وہ پاکستانی چم چماتا ستارہ ہیں جس کا ذکر ہم نے اوپری سطور میں کیا تھا۔ ملالہ کے علاوہ مشہورمیوزک بینڈ ’ون ڈائرکشن‘ ۔۔’بھوک مٹاوٴ مہم‘ کی عالمی سطح پر تشہیر کرتے نظر آئیں گے۔ ہالی وڈ کی صف اول کی اداکارہ میرل اسٹریپ ’سمندری حیات کے تحفظ‘ کا پرچارکریں گی۔

اسی طرح جینفرلوپز اور جینفرلارنس صنفی امتیازختم کرنے پربات کریں گی۔ مشہور سائنسدان اسٹیفن انفرا اسٹرکچر اور انوویشن کو شہرت بخشیں گے۔

بالی وڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامرخان، اکشے کمار اور موسیقار اے آررحمن کے علاوہ بل گیٹس،میلنڈا گیٹس، اردن کی ملکہ رانیہ عبداللہ، اقوام متحدہ کے امن کے سفیر لینگ لینگ، یو این ڈی پی چیمپئین مشیل یوہ بھی مہم کا حصہ ہیں، جبکہ عام لوگوں میں سے کوئی بھی فرد گلوبل گولز کی ویب سائٹ پردی گئی تفصیلات پڑھ کر اوران کی ویڈیو ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر کے مہم کا حصہ بن سکتا ہے۔

گلوبل گولز مہم کا آغاز 25 ستمبرسے ہوگا، جس میں دنیا کے 193 رہنماوٴں پر زور دیا جائے گا کہ وہ عام آدمی کے حالات بہتر بنانے کے لئے تقریروں سے ہٹ کر عملی اقدامات کریں۔

XS
SM
MD
LG