رسائی کے لنکس

سن 2023 میں دنیا کے تین آلودہ ترین ممالک میں بنگلہ دیش سرِ فہرست، پاکستان دوسرے نمبر پر


  • فضائی آلودگی سے متعلق آئی کیو ایئر کی سن 2023 سے متعلق رپورٹ
  • بنگلہ دیش، بھارت اور پاکستان دنیا کے آلودہ ترین ملکوں کی فہرست میں شامل
  • فضائی آلودگی کے باعث ان ملکوں میں پھیپھڑوں کے امراض میں اضافہ ہو رہا ہے: ماہرین

دنیا بھر میں فضائی معیار سے متعلق جاری ہونے والی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان سن 2023 میں دنیا کے تین بڑے آلودہ ترین ممالک کی فہرست میں شامل رہا۔ دیگر دو ممالک بھارت اور بنگلہ دیش تھے جنہوں نے وسطی افریقی ملک چاڈ اور ایران کی جگہ لی۔

منگل کو سوئس ٹیکنالوجی کمپنی آئی کیو ایئر کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ان ممالک کی فضا میں مضرِ صحت زرات کی شرح عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے تجویز کردہ سطح سے 15 گنا تک زیادہ رہی۔

رپورٹ کے مطابق 2023 میں پانچ سب سے زیادہ آلودہ ترین ممالک میں بنگلہ دیش، پاکستان، بھارت، تاجکستان اور برکینا فاسو شامل رہے۔

آئی کیو ایئر کی سالانہ رپورٹ میں کہا گیا کہ پھیپھڑوں کو نقصان پہنچانے والے زرات جنہیں پی ایم 2.5 کہا جاتا ہے کی شرح بنگلہ دیش میں 79.9 مائیکروگرام فی کیوبک میٹرک جا پہنچی تھی۔ پاکستان میں یہ شرح 73.7 رہی۔ اسی طرح بھارت میں یہ شرح 54.4 مائیکروگرام فی کیوبک میٹرک رہی۔

عالمی ادارۂ صحت کے مطابق یہ سطح صرف پانچ مائیکروگرام فی کیوبک میٹر تک ہونی چاہیے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس نومبر اور دسمبر کے درمیان پاکستان کے بڑے شہروں میں اسموگ کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پاکستان کا دوسرا بڑا شہر لاہور ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) میں اس عرصے کے دوران کئی مواقع پر سرِ فہرست رہا تھا جس کا ایئر کوالٹی اندیکس 400 سے بھی تجاوز کرتا رہا۔ دسمبر میں اسموگ کے خاتمے کے لیے پنجاب کی حکومت نے مصنوعی بارش کا بھی تجزیہ کیا تھا۔

عالمی اداروں کے مطابق صحت بخش فضا کے لیے اے کیو آئی ایک سے 50 کے درمیان ہونا چاہیے۔ 400 سے 500 کے درمیان اے کیو آئی کو صحت کے لیے مضر قرار دیا جاتا ہے۔

سوئس ایئر مانیٹرنگ آرگنائزیشن سے وابستہ ماہر کرسٹی چیسٹر شروڈر کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا کا جغرافیے اور آب و ہوا کی وجہ سے آپ کو یہ شرح آسمان سے چھوتی دکھائی دیتی ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی آبادی، صنعتی اور زرعی شعبے میں کام کرنے کے طریقے وہ عوامل ہیں جس کی وجہ سے ان ممالک میں یہ حالات ہیں۔

اُن کے بقول "بدقسمتی سے ایسا لگتا ہے کہ یہ بہتر ہونے سے پہلے مزید بدتر ہو گا۔"

رپورٹ کے مطابق جو ممالک عالمی ادارۂ صحت کے تجویز کردہ معیار پر پورا اترتے ہیں ان میں آسٹریلیا، ایسٹونیا، فن لینڈ،گریناڈا، آئس لینڈ، ماریشس اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔

منگل کو سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق سن 2022 میں بنگلہ دیش آلودہ ترین ملکوں کی فہرست میں پانچویں جب کہ بھارت آٹھویں نمبر پر تھا۔

رپورٹ میں دنیا کے 134 ملکوں میں قائم کیے گئے 30 ہزار مانیڑنگ اسٹیشنز سے ڈیٹا جمع کیا گیا ہے۔

اس خبر کے لیے مواد خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لیا گیا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG