رسائی کے لنکس

پرو کے ایک شخص کی عمر 124 برس ہونے کا دعویٰ


  • پرو کے ایک شخص کے حوالے سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ان کی عمر 124 برس ہے۔
  • حکام کہنا ہے کہ مارسیلینو آباد مرکزی پرو کے علاقے ہوانوکو کے مکین ہیں۔
  • ان کے بقول ان کی پیدائش 1900 میں ہوئی تھی۔

جنوبی امریکہ کے ملک پرو کے ایک شخص کے حوالے سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ان کی عمر 124 برس ہے اور کہ ان کی پیدائش پچھلی صدی کے پہلے سال میں ہوئی تھی۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق پرو کے اینڈین پہاڑی سلسلے میں رہنے والے مارسیلینو آباد کے حوالے سے مقامی حکام کا دعویٰ ہے کہ ان کی عمر سوا صدی کے برابر ہے۔

حکام کہنا ہے کہ مارسیلینو آباد مرکزی پیرو کے علاقے ہوانوکو کے مکین ہیں۔

اگر ان کی عمر کی تصدیق ہو جاتی ہے تو وہ حالیہ تاریخ کے معمر ترین شخص ہونے کا ریکارڈ اپنے نام کر سکتے ہیں۔

پرو کی حکومت نے مارسیلینو آباد کی عمر کے بارے میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ہوانوکو کے پر فضا علاقے میں مارسیلینو آباد نے انتہائی صحت بخش انداز میں زندگی گزارنے کے طریقے اپنائے جس کے سبب ان کی صحت بہتر رہی اور وہ خوش مزاج بھی ہیں۔

بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ زندگی گزارنے کے اس طریقے، باپنی حوصلہ مندی اور دانش مندی کے سبب وہ اپنی زندگی میں 12 دہائیاں دیکھ چکے ہیں۔

بیان کے مطابق مارسیلینو نے رواں ماہ پانچ اپریل کو اپنی 124 ویں سالگرہ منائی ہے۔

پرو کی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ مارسیلینو کی معاونت کر رہے ہیں تاکہ وہ دنیا کا معمر ترین شخص ہونے کے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے لیے درخواست دے سکیں اور ان کی درخواست کی تصدیق بھی ہوسکے۔

’رائٹرز‘ کے مطابق گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ دنیا بھر سے کئی افراد کے ان دعوؤں کی تصدیق کر رہی ہےجو معمر ترین شخص ہونے کے ہیں۔

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے پاس درخواست کی تصدیق کے لیے کئی سرکاری دستاویزات اور دیگر شواہد کی جانچ پڑتال کی جاتی ہے۔

اس سے قبل فرانس کی ایک خاتون جین لوئیز دنیا کی سب سے زیادہ عمر کی خاتون ہونے کا ریکارڈ حاصل کرچکی ہیں۔ ان کی عمر 122 برس تھی۔

پرو کے مارسیلینو آباد ایک چھوٹے سے قصبے چاگلا میں پیدا ہوئے تھے۔ 2019 تک ان کے بارے میں زیادہ معلومات موجود نہیں تھیں البتہ اسی سال وہ حکومت کے رڈار میں آئے اور ان کو سرکاری شناخت کی دستاویز اور پینشن جاری کی گئی ہے۔

مارسیلینو آباد کو پنشن دیینے والے سرکاری ادارے کی جانب سے ان کی 124 ویں سالگرہ پر پانچ اپریل کو جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آباد کے بقول ان کی طویل زندگی کا اہم راز پھلوں کا بھر پور استعمال ہے۔ جب کہ وہ بھیڑ کا گوشت رغبت سے کھاتے ہیں۔ ان کو کوکا کے پتے چبانے کی بھی عادت ہے۔

مارسیلینو آباد اس وقت معمر افراد کے لیے مخصوص سینٹر میں رہتے ہیں جہاں ان کی سالگرہ دھوم دھام سے منائی گئی۔

اس رپورٹ میں معلومات خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ سے شامل کی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG